ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پاکستان کواننگ اور18رن سے شکست،آسٹریلیاکی سیریزپر 2-0سے ناقابل شکست برتری ،اسمتھ مین آف دی میچ

پاکستان کواننگ اور18رن سے شکست،آسٹریلیاکی سیریزپر 2-0سے ناقابل شکست برتری ،اسمتھ مین آف دی میچ

Sat, 31 Dec 2016 12:34:20    S.O. News Service

میلبورن،30دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)مشیل اسٹارک بیٹ اور گیند سے پختہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے آخری دن آج یہاں پاکستان کو اننگز اور 18رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0کی فاتح برتری حاصل کرلی۔تیز گیند باز اسٹارک نے ریکارڈ سات چھکوں کی مدد سے 91گیندوں پر 84رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد 36رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے جس سے پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 53.2اوور میں 163رنز پر ڈھیر ہو گئی اور میچ ہار گئی۔آف اسپنر ناتھن لیون نے 33رنز دے کر تین جبکہ جوس ہیزل وڈ نے 39رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔پاکستان کو شکست سے بچنے کے لئے کم از کم 70اوور بیٹنگ کرنی تھی لیکن مہمان ٹیم ایسا نہیں کر پائی۔اس سے پہلے کپتان ا سٹیو سمتھ نے لنچ سے ٹھیک پہلے آٹھ وکٹ پر 624رن کے اسکور پر پہلی اننگز ڈکلیئر کرکے نتائج کی امید جگائی۔پاکستان نے پہلی اننگز نو وکٹ پر 443رن پر ڈکلیئرکی تھی جس سے آسٹریلیا کو 181رنز کی برتری ملی۔مین آف دی میچ اسمتھ نے 246گیندوں میں ناٹ آؤٹ 165رنز کی اننگز کھیلی۔سٹارک نے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر ایک اننگز میں سب سے زیادہ سات چھکوں کا ریکارڈ بنایا۔انہوں نے یاسر شاہ کو خاص طور پر نشانہ بناتے ہوئے اس لیگ اسپنر پر پانچ چھکے مارے۔سٹارک نے اس کے بعد بالنگ میں دھمال مچاتے ہوئے بابر اعظم، سرفراز احمد، وہاب ریاض اور یاسر کو پویلین بھیجا۔سڈنی میں 1995میں سابقہ فتح کے بعد پاکستان کی آسٹریلیا میں یہ مسلسل 11ویں ٹیسٹ ہار ہے۔

اس سے پہلے اسمتھ اور سٹارک نے ساتویں وکٹ کے لئے 172گیند میں 154رنز کی شراکت کی۔اسٹارک نے 69گیند میں اپنی آٹھویں ٹیسٹ نصف سنچری مکمل کی۔انہیں 51رنز پر زندگی بھی ملی جب اظہر کی گیند پر لانگ آف پر سہیل خان نے ان کا کیچ چھوڑا۔انہوں نے اس کے بعد اظہر پر مسلسل دو چھکے مارے،وہ بالآخر سہیل کی گیند پر اسد شفیق کو کیچ دے کر پویلین لوٹے۔اسمتھ نے لیون(12)کے آؤٹ ہوتے کی اننگز ڈکلیئر کردی۔اسمتھ نے کیریئر کی 17ویں اور سال کی چوتھی سنچری کے دوران 13چوکے اور ایک چھکا مارا۔انہوں نے سال میں 71.93کے اوسط سے 1079رنز بنائے۔پاکستان دوسری اننگز میں شروع میں ہی بحران میں گھر گیا۔آسٹریلیا کو لنچ سے پہلے چار اوور بولنگ کا موقع ملا جس میں دوسرے اوور میں ہی ہیزل ووڈ نے سمیع اسلم(02)کو بولڈ کیا۔اسٹارک نے لنچ کے بعد پہلی ہی گیند پر بابر اعظم(03)کو ایل بی ڈبلیو کرکے سیشن میں آسٹریلیا کی شاندار شروعات کی۔اس کے بعد لیون کی اسپن کا جادو چلا۔اس آف اسپنر نے تجربہ کار بلے باز یونس خان(24)کو شارٹ لیگ پر پیٹر ہیڈسکایب کے ہاتھوں کیچ کرانے کے بعد کپتان مصباح الحق(00)کو بھی پویلین بھیجا۔مصباح لیون کی گیند کو سوئپ کرنے کی کوشش میں شارٹ فائن لیگ پر نک میڈنسن کو کیچ دے بیٹھے۔لیون نے چائے سے ٹھیک پہلے فارم میں چل رہے اسد شفیق(16)کو مڈ آف پر ہیڈسکوب کے ہاتھوں کیچ کراکے پاکستان کو پانچواں جھٹکا دیا،چائے کے وقت پاکستان کا اسکور پانچ وکٹ پر 91رن تھا،چائے کے بعد ہیزل وڈ نے پہلی اننگز میں ڈبل سنچری جڑنے والے اظہر علی(43)کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔اظہر نے 112گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چوکے مارے،جبکہ جیکسن برڈ نے محمد عامر(11)کے سٹمپ اکھاڑے۔اسٹارک نے اس کے بعد سرفراز احمد(43)اور وہاب ریاض(00)مسلسل اووروں میں بولڈ کیا اور پھر یاسر شاہ(00)کو مڈ آن پر برڈ کے ہاتھوں کیچ کراکے آسٹریلیا کی جیت کو یقینی بنایا۔


Share: